نئی دہلی ،21؍ فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)دہلی کے چیف سیکرٹری کے ساتھ ہوئی مبینہ تباہی مار پیٹ میں آج دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل نے وزارت داخلہ کو رپورٹ سونپی۔وزارت داخلہ کے ایک افسر نے بتایا کہ رپورٹ کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔افسر نے بتایاکہ لیفٹیننٹ گورنر سے رپورٹ حاصل ہو گئی ہے اور اس کی جانچ کی جا رہی ہے۔کیس کے مجرمانہ پہلوؤں کی تحقیقات دہلی پولیس کر رہی ہے جبکہ وزارت داخلہ افسرشاہوں کے ساتھ بدسلوکی جیسے انتظامی مسائل کو دیکھ رہا ہے۔ساتھ ہی وزارت افسرشاہوں اور دہلی حکومت کے منتخب نمائندوں کے درمیان کام کاج سے متعلق غور کر رہی ہے۔افسر نے بتایاکہ کیس میں کچھ مسئلے ایسے ہیں جن کی جانچ اور تفتیش دہلی پولیس کر رہی ہے۔وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے افسر نے کہا تمام فریقوں کے ساتھ فیصلہ کیا جائے گا۔رپورٹ کی معلومات کا انکشاف نہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملزم ممبران اسمبلی میں سے ایک کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ دوسرے نے پولیس کے سامنے خود سپردگی کردی ہے۔